28 مارچ 2016 - 16:20
ایرانی صدر کی روسی صدر سے ٹیلی فونی بات چیت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق صرف شام کے عوام کو حاصل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ صرف شام کے عوام ہی اپنے ملک کے مستقبل اور سیاسی نظام کے بارے میں فیصلہ کرنے کاحق رکھتے ہیں- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شام میں امن و استحکام کی تقویت کے لئے ایران اور روس کے تعاون اور ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا- انہوں نے شام میں جنگ بندی جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ مذاکراتی عمل میں بھی تیزی آنی چاہئے اور اس بات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ سیاسی مذاکرات کا عمل دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ بننے پائے-

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کی کامیابیوں اور تاریخی شہر پالمیرا کی آزادی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے داخلے اور ہتھیاروں کی ترسیل کو روکنے کے لئے سرحدوں پر نگرانی سخت کی جائے اور سیاسی مذاکرات سے بھی دہشت گردوں کو دور رکھا جائے- انہوں نے تہران اور ماسکو کے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران تمام میدانوں میں روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے- روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں شام کے بارے میں روس اور امریکا کے درمیان ہونے والے تازہ ترین مذاکرات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے پوری کوشش کی جا رہی ہے اور ماسکو اس سلسلے میں ایران کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ ہے-

روسی صدر پوتن نے بھی کہا کہ دہشت گردوں کے شام میں داخلے کو روکنے کے لئے سرحدوں کی سخت نگرانی ضروری ہے- روس کے صدر نے بھی کہا کہ ماسکو تہران کے ساتھ سبھی شعبوں میں اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینےکا خواہشمند ہے۔

.......

/169